
میرپور (پی آئی ڈی)26فروری2021ء
ڈپٹی کمشنر بدر منیر اور ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم نے کہا ہے کہ میرپور میں کورونا وائرس کی وباء تشویش ناک صورتحال اختیار کرتی جارہی ہے جس سے کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں اضافہ کے ساتھ کورونا وائرس کے مریضوں کی اموا ت میں بھی دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ان حالات میں کورونا کی وباء کے چین کو روکنے کے لئے مکمل لاک ڈاون،سمارٹ لاک ڈاؤن سمیت دیگر تمام آپشنز پر مشاورت کی جارہی ہے تاکہ اس وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکا جاسکے اس سلسلہ میں انجمن تاجراں،سول سوسائٹی اور میڈیا کا کردار نہایت ہی اہم ہے۔لاک ڈاون سے اگر چہ کاروبار متاثر ہونگے تاہم ہم سب کی مثبت کاوشوں سے اگر کئی جانوں کو بچایا جاسکتا ہے تویہ انسانیت کی بہترین خدمت ہے۔انتظامیہ عوام الناس کے وسیع تر مفاد کے پیش نظر مشاورت سے فیصلہ کرے گی اس سلسلہ میں ہر مکتبہ فکر کا تعاون درکا رہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انجمن تاجراں اور میڈیا نمائندگان سے کورونا وباء کی روک تھام کے سلسلہ میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر فدا حسین راجہ،ایم ایس ڈاکٹر فاروق احمد نور،اسسٹنٹ کمشنر منیر احمد قریشی، انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک، انجمن تاجراں کے راہنماؤں چوہدری جاوید اقبال،سہیل شجاع مجاہد،چوہدری محمد نعیم،آصف ندیم بٹ،آصف ڈار،راجہ خالد محمود،راشد محمود،شیخ حمید الحق،محمد اقبال شیخ سمیت دیگر تاجر کمیونٹی کے نمائندگان نے شرکت کی جبکہ میڈیا نمائندگان کی بریفنگ میں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی کثیر تعدا د نے شرکت کی۔
اجلاس میں کورونا وائرس کے سدباب کے حوالے سے تجاویز لی گئیں اور طے پایا گیا کہ میرپور میں کورونا وائرس کی وباء کے خاتمہ کے لیے انتظامیہ عوام کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے ایسے تمام اقدامات اٹھائے گی جس سے ہر مکتبہ فکر کے افراد کم سے کم متاثر ہوں اور اس سے کورونا وائرس کو بھی کنٹرول کیا جاسکے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بد ر منیر نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اپریشن سینٹر کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جارہی ہے اس میں میرپور سرفہرست ہے اور کورونا وائرس کی شرح 12فیصد سے اوپر ہے اور روزانہ کی بنیاد پر تین سے چار افراد کی اموات واقع ہو رہی ہیں ان حالات میں ہم سب کو بحیثیت قوم اپنے پیاروں کی جانوں کی حفاظت کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔کورونا وائرس کے کنٹرول کے لیے حکومت آزادکشمیر کی طرف سے ہیلتھ ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اگاہی مہم کو تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ جہاں کئی بھی کورونا کا کوئی مریض ہو اس سے دیگر افراد اپنے آپ کو محفوظ رکھ سکیں انھوں نے کہا کہ بطور معاشرہ احتیاطی تدابیریں انسانی جانوں کو محفوظ بنا سکتی ہیں اس سلسلہ میں انتظامیہ عوام کے وسیع تر مفاد کی خاطر مکمل لاک ڈاؤن، سمارٹ لاک ڈاؤن یا دیگر کوئی آپشنز کا فیصلہ کرتی ہے تو اس پر ہر طبقہ فکر من و وعن عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ کورونا وائرس کے چین کو توڑا جاسکے۔انھوں نے تاجراوں سے کہا کہ وہ معاشرے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں روزانہ کی بنیادوں پر انھیں کئی لوگوں سے ملنا پڑتا ہے اگر اس وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے مکمل یا سمارٹ لاک ڈاؤن لگانا پڑا تو ان کا تعاون سب سے اہم ہوگا۔ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے کہا کہ کورونا وائرس کے سدباب کے لیے انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے جانیوالے اقدامات کے بارے میں درست اور صیح اطلاعات میڈیا کو فراہم کی جائیں گی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا نے پہلے بھی اگاہی مہم میں اہم کردار ادا کیا ہمیں توقع ہے کہ وہ آئندہ بھی اس وباء کے حوالے سے اپنے عوام کو درست اور صیح اطلاعات اور معلومات فراہم کریں گے اور بے بنیاد پروپیگنڈہ اور افواہوں کی حوصلہ شکنی کریں گے۔ایک سوال کے جواب پر ڈپٹی کمشنر بدر منیر نے کہا کہ میرپور میں آکسیجن کی کمی کے کوٹہ کا حل کیا جارہا ہے اس مقصد کے لیے جن اضلاع میں کورونا کے کیسز کم ہیں اس کوٹہ کی آکسیجن میرپور میں شفٹ کی استدعا کی گئی ہے اسطرح ضلع بھر میں انتظامیہ،پولیس،ہیلتھ،لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر کمیٹیاں کورونا وائرس کے حوالے سے مانیٹرنگ کر رہی ہیں انھوں نے کہا کہ اوورسیز ہمارے جسم کا حصہ اور ہمارا اثاثہ ہیں ان کے حوالے سے غلط اور بے بنیاد پروپیگنڈہ پھیلایا جار ہا ہے انتظامیہ اپنے اوورسیز کی جان و مال کی حفاظت کے لیے 14دن تک ان کو اپنے گھروں میں قرنطینہ کروا رہی ہے تاکہ ان کے عزیز و اقارب سمیت ہر شخص کورونا وائرس سے محفوظ رہ سکے۔یہ اقدامات بیرون ممالک میں کورونا کے خطرناک لہر کو کنٹرول کرنے کے لیے کیے جارہے ہیں اس سلسلہ میں اپنے اووسیز سے بھی اپیل ہے کہ وہ یہاں آتے وقت 14دن کے لیے اپنے گھروں میں رہیں تاکہ یہ وائرس ان تک نہ پہنچ سکے یا ان سے کسی دوسرے فرد کو یہ وائرس منتقل نہ ہوسکے۔