میرپوریونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں انسانی حقوق کی تنظیم کشمیرانسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشن کے تعاون سے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پرایک سیمینار

میرپور(پی آئی ڈی)12دسمبر 2018

میرپوریونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں انسانی حقوق کی تنظیم کشمیرانسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشن کے تعاون سے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پرایک سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار میں یونیورسٹی کے اساتذہ کرام، طلباء طالبات ، سینئرصحافیوں اور کشمیر سے متعلق ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرراجہ حبیب الرحمن، کے آئی آر  کے ڈائریکٹر پروگرام الطاف حسین وانی، کشمیر کونسل یورپی   یونین کے چیئرمین علی رضاسید ،سینئرصحافی اور تجزیہ نگار الطاف حمید راؤاور آزاد کشمیرریڈیومیرپورایف ایم 101 کے اسٹیشن ڈائریکٹر محمدشکیل نے نوجوان نسل پرزور دیاکہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں اپنی تمام ترصلاحیتوں کوبروئے کار لاتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں پرڈھائے جانے والے وحشیانہ مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف عالمی سطع پرآواز اٹھائیں تاکہ بیرونی دنیامیں بھارت کااصل چہرہ بے نقاب کرنے میں مدد مل سکے ۔ مقررین نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پرخلاف ورزیوں اور ریاستی دہشت گردی کاجوبازار گرم کررکھاہے اس کوعالمی سطع پراجاگرکرکے ہی مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کروائی جاسکتی ہے اور اس سلسلہ میں پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا تحریک آزادی کے حوالے سے اپنا موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ مقررین نے کہاکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن نے اپنی حالیہ رپورٹ میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پرہونے والی خلاف ورزیوں کاذکرکیاہے جوعالمی ادارے کی طرف سے فوری مزید ضروری کارروائی کامتمنی ہے۔ مقررین نے عالمی برادری پرزوردیاکہ وہ جنوبی ایشیاء میں مستقل اور پائیدار قیام امن کے لیے مسئلہ کشمیرکے جلد پرامن حل اور اقوا م متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیری عوام کوان کاپیدائشی حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں اداکرے۔