موجودہ حکومت نے محکمئہ صحت عامہ کی ترقی کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ چوہدری سیعد

میرپور(پی آئی ڈی)11دسمبر 2018 
آزادکشمیرکے وزیرسپورٹس یوتھ اینڈ کلچر چوہدری محمدسعید اور وزیرجیل خانہ جات چوہدری محمداسحاق نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے محکمہ صحت عامہ کی ترقی کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ آزادکشمیر کے میڈیکل کالجوں کے پروفیسر اور عملہ کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگیوں کویقینی بنائیں گے۔ آزادکشمیرکے کسی بھی میڈیکل کالج کامستقبل خطرے میں نہیں ہے۔ شعبہ طب انسانی خدمت کاشعبہ ہے اس لحاظ سے ڈاکٹرمعاشرے کامعزز طبقہ ہیں جن کی عزت نفس کامعاشرے کے ہرطبقہ کوخیال رکھناچاہیے۔ موجودہ حکومت میرپورمیں 11 کروڑروپے کی لاگت سے کیتھ لیب بنارہی ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں نئی ڈائیلائسزمشینیں فراہم کی گئی ہے۔ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال کی نئی عمارت تعمیرہوچکی ہے جبکہ میڈیکل کالج کی عمارات پربھی کام جاری ہے۔ محکمہ صحت عامہ کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے۔ ڈاکٹر حضرات دکھی انسانیت کی خدمت کواپناشعاربنائیں اور مریضوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں۔ڈاکٹرز کے مسائل حل کریں گے ۔
قبل ازیں وزیرسپورٹس چوہدری محمدسعید نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ضلع میرپورکے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیااور انھیں ڈاکٹرز کی نمائندگی کرنے کی ذمہ داریاں سنبھالنے پرمبارکباد دی۔ 
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے وزیرسپورٹس چوہدری محمدسعید نے کہاکہ موجودہ حکومت نے اقتدارسنبھالنے کے بعد آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ کودوگناہ کیا۔ آزادکشمیرکے ہسپتالوں میں فری ایمرجنسی سروسزکی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں اورمیڈیکل کالجوں کی عمارات کی تعمیرات کروائیں۔ آزادکشمیرکے تمام اضلاع کی مین شاہرات مکمل ہورہی ہیں۔ حکومت نے تحریک آزادی کشمیر ،گڈگورننس کے قیام اور میرٹ کی عملداری کواپنی ترجیحات میں رکھاہوا ہے۔ حکومت اپنے ایجنڈے اور منشور کی تکمیل کی طرف بڑھ رہی ہے۔ این ٹی ایس اورغیرجانبدار پبلک سروس کمیشن سے لوگوں کااداروں پراعتماد بڑھاہے۔ انھوں نے کہاکہ میں نے وزارت سنبھالنے کے بعد اپنے آپ کوعوامی خدمت کے لیے وقف کررکھاہے۔ میرپورمیں پینے کے پانی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے بڑے ایشوتھے جسے ہم نے حل کرلیاہے۔ اس طرح شہرکی سڑکات اور دیگرترقیاتی کام بھی جاری ہیں۔ انھوں نے پی ایم اے کی طرف سے اٹھائے جانے والے مسائل کے حل کی یقین دھانی کرواتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر معاشرے کااہم اور معزز طبقہ ہیں جنھوں نے اپنے آپ کودکھی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کررکھاہے۔ ڈاکٹرزکے رہائشی معاملات ،ان کے پبلک سروس کمیشن سمیت ہسپتال میں آسامیوں سمیت جملہ مسائل کابغور جائزہ لیں گے۔ ڈاکٹرز اطمینان رکھیں اور اپنے فرائض منصبی دلجمی کے ساتھ سرانجام دیں۔ 
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیرکے وزیرجیل خانہ جات چوہدری محمداسحاق نے موجودہ حکومت کی طرف سے ضلعی ہسپتالوں میں فری ایمرجنسی سروسز سے بلاتفریق معاشرے کے ہرفرد کوفائدہ مل رہاہے۔ انھوں نے کہاکہ ڈاکٹر قوم کے مسیحا ہیں ان کی خدمات کاحکومت اور معاشرے کاہرفرد معترف ہے۔ ڈاکٹرز کے پاس دکھی لوگ آتے ہیں۔ اس حوالے سے ان کے علاج معالجہ کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرزکارویہ ہی مریضوں سے اچھاہوناچاہیے۔ اچھے رویے سے آدھی بیماری ختم ہوجاتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ سنگ بنیاد رکھناآسان ہے لیکن پراجیکٹس کے لیے بجٹ اور ان کی تکمیل مشکل کا م ہے۔ موجودہ حکومت نے جوبھی پراجیکٹ شروع کیے ان کے لیے باقاعدہ بجٹ رکھاجس کی وجہ سے ہمارے ترقیاتی منصوبہ جات التواء میں نہیں ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم اے کے ضلعی صدر ڈاکٹراعجاز احمدراجہ نے ڈاکٹرکے پبلک سروس کمیشن کے طریقے کار میں بہتری ، میڈیکل کالج کے پروفیسر حضرات اور ہاؤس آفیسر کی تنخواہوں ، ہسپتال کی باؤنڈری ، ڈویژنل ہسپتال میں ڈاکٹرز کے لیے سکیورٹی کے ایشو، ڈاکٹرز کی نئی آسامیوں کی تخلیق اور ایکویپمنٹ کے حوالے سے جملہ مسائل بیان کیے۔مقررین نے آزادکشمیر میں تین میڈیکل کالجز کے قیام پرسابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی کاوشوں کوزبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔