فیاض علی عباسی کا میرپورشہرکے سیکٹرز کاموقع پرجاکرمعائنہ

میرپور(پی آئی ڈی)10 دسمبر2018 
آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ کے فیصلہ پرعملدرآمد کرنے اور بلدیہ میرپور کے منسوخ شدہ پلاٹوں کی مسمارگی کے متعلق حکومت آزادکشمیرکی طر ف سے بنائی گئی کمیٹی کے چیئرمین وسینئرممبربورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی نے کمیٹی کے ممبران کے ہمراہ میرپورشہرکے سیکٹر ای فور ،ای فائیو کے مختلف پلاٹوں کاموقع پرجاکرمعائنہ کیااور پلاٹوں کی الاٹمنٹ ،سائز، تجاوزات، مفاد عامہ کی جگہوں سمیت تمام پہلوؤں کاجائزہ لیا۔اس موقع پرکمیٹی کے ممبران ،ادارہ ترقیات، میونسپل کارپوریشن اور محکمہ مال کا جملہ ٹیکنیکل سٹاف بھی موجود تھا۔ کمیٹی نے متاثرہ پلاٹوں کاموقع پرجاکرمعائنہ کیااور متعلقہ پلاٹوں کے مالکان کی موجودگی میں پلاٹ کی پیمائش ،تجاوزات، مفاد عامہ کی جگہوں ، نالوں،سیوریج ٹینک سمیت تمام متعلقہ امورکاقانونی طریقے سے جائزہ لیا۔کمیٹی کے چیئرمین وسینئرممبربورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی نے کہاکہ معززعدالت عظمیٰ آزادجموں وکشمیر کے فیصلہ جات کی روشنی میں کمیٹی تمام پہلوؤں کوسامنے رکھتے ہوئے موقع پرجاکرمعائنہ کررہی ہے ۔کمیٹی اپناکام قانون وقاعدے اور صاف شفاف انداز سے کررہی ہے ۔ کمیٹی کوجوذمہ داریاں سونپی گئی ہیں وہ اسے ایمانداری ،دیانتداری اور فرض شناسی کے تحت سرانجام دے رہی ہے ۔کمیٹی جملہ پلاٹوں کے معائنے کے بعد حتمی رپورٹ پیش کرے گی۔