شہداء لندن حنیف وبشارت شہید کا47 وا ں یوم شہادت سرکاری وعوامی سطح پرانتہائی عقیدت سے منایاگیا

میرپور(پی آئی ڈی)20 فروری 2020 ء

شہداء لندن حنیف وبشارت شہید کا47 وا ں یوم شہادت سرکاری وعوامی سطح پرانتہائی عقیدت سے منایاگیا۔ حنیف شہید کے مقبرہ مرکزی عید گاہ میرپورشہر اور بشارت شہید کے مزار پلاک کے مقام پرقرآن خوانی وفاتحہ خوانی کااہتمام کیاگیا۔ ضلعی سطح پرمرکزی تقریب حنیف شہید کے مزارپرمنعقدہوئی جس میں کمشنرمیرپورڈویژن چوہدری محمدطیب، سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری محمد اشرف،  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل راجہ قیصراورنگزیب، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمدجاوید ملک،حنیف شہید کے بھتیجے عمران نواز، راجہ خالد محمود، چیئرمین میاں محمدبخش سوسائٹی بابومحمدصدیق،صدر بارمرزا قمرالزمان ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل بار راشد محمود بٹ، چیئرمین جموں اینڈ کشمیر کونسل فار ہومین رائٹس ملک محمد اسلم، چوہدری خالدمحمود جوشی، چوہدری عارف چکسواری،راجہ نسیم اختر، چوہدری کرامت علی بجاڑ، مفتی وسیم رضا، صدر کشمیرپریس کلب سجاد جرال،پریس فاؤنڈیشن کے ممبربورڈآف گورنر ارشدمحمود بٹ،سینئر صحافی ظفرمغل، اوورسیز راہنما چوہدری دلپزیر، سابق کونسلر چوہدری عبدالرزاق،بلدیہ میرپور کے سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر چوہدری بابر شہزاد، راشد علی بزمی، اشرف چوہان،پیپلز پارٹی کے راہنما ہمایوں زمان مرزا، غیرجریدہ ملازمین کے مرکزی راہنماقیصرشیراز کاظمی، طارق ملک،الحاج رمضان جانی کے علاوہ مختلف جماعتوں، تنظیموں کے نمائندوں وکارکنوں نے بھرپورشرکت کی۔ گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول نمبر1 میرپور کے طلباء نے مزار پرقومی ترانہ بینڈ پر پیش کیااور شہیدوطن کوسلامی پیش کی۔

کمشنرمیرپورڈویژن چوہدری محمدطیب نے اپنے خطاب میں کہاکہ زندہ قومیں اپنے محسنوں،شہداء اورغازیوں کوکبھی فراموش نہیں کرتیں۔ حنیف شہید، بشارت شہید اور غازی دلاور کی عظیم قومی قربانی ہماری تاریخ کے ماتھے کاجھومرہے۔ شہداء لندن نے مملکت خداداد پاکستان سے محبت اور افواج پاکستان سے عقیدت کے مقدس جذبات میں جوقربانی دی وہ تاریخ کے سنہرے حروف میں لکھی جائے گی۔ انھوں نے اس بات پرزوردیاکہ نئی پود کواسلاف کی ان قربانیوں سے آگاہ کرکے ان میں قومی جذبات کی آبیاری کی جائے۔ کمشنر نے گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول نمبر1 میرپورکے طلباء،اساتذہ اور صدرمعلم کی طرف سے ہرسال شہداء لندن کی قومی تقریب میں بھرپور شرکت کوسراہتے ہوئے کہاکہ نصابی اور کتابی تعلیم کے علاوہ قومی شعور کی بیداری بھی علم کابنیادی حصہ ہے۔ 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل شہداء لندن میموریل سوسائٹی کے ڈی چوہدری نے کہا کہ حنیف شہید،بشارت شہید اور غازی دلاور نے آج سے 47سال قبل لندن میں جو قربانی پیش کی تھی اسے ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔بھارتی قید میں 90ہزار پاک فوج کے جوانوں کی رہائی کے لیے ان کی یہ سرفروشانہ قربانی تاریخ کا سنہری باب ہے انھوں نے کہا کہ کشمیر جغرافیائی لحاظ سے پاکستان دفاعی حصار ہے کشمیر کے پہاڑ پاکستان کے سلامتی کے ضامن ہیں اور کنٹرو ل لائن پر آباد کشمیری پاکستان کے دفاع کے لیے قربانی دے رہے ہیں مقبوضہ کشمیر میں شہداء کے تابوتوں پر لپٹے پاکستانی پرچم اور بھارتی فوج کی سنگینیوں کے سائے تلے کشمیریوں کے تاریخ ساز جلسوں میں پاکستان کا پرچم لہرا کر پاکستان زندہ آباد کے نعروں سے بھارتی حکمران بوکھلا اٹھتے ہیں۔کے ڈی چوہدری نے کہاکہ ہم پاکستان کی سلامتی،دفاع اور استحکام کے لیے خون کا آخری قطرہ و سانس کا آخری لمحہ قربان کرنا عین ایمان سمجھتے ہیں۔

آخرمیں ممتاز عالم دین چیئرمین سنی علماء ومشائح کونسل مفتی وسیم رضا نے شہداء کے درجات کی بلندی، پاکستان کے تحفظ وسلامتی، مقبوضہ کشمیرکی آزادی اور مجاہدین کشمیرکی کامیابی کے لیے خصوصی دعاکروائی۔ اس سے قبل حنیف شہید کے مزار پرصبح حفاظ کرام نے قرآنی خوانی کی۔